بلوچستان کو غیر قانونی مقیم لوگوں سے پاک ،حوالہ ہنڈی کا کاروبار ختم کیا جائیگا، جان اچکزئی

03 دسمبر ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر/خ ن )بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان سے آنے والے افغانیوں کو پاسپورٹ کے بغیر کسی صورت پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ،پاکستان اپنے ملک میں بدامنی پھیلانے والے افغان دہشت گردوں کو حوالے کرنے کا مطالبہ کررہا ہے مگر افغان حکمران پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کھیل رہے ہیں ، ریاست پاکستان اپنے مطالبات کیلئے ہر حد تک جائے گی ۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا ، سی ٹی ڈی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں مصروف ہے ،پاکستان مستقبل کا سنگا پور ہوگا جس کے لئے کئی ممالک سے معاشی معاہدے کرلئے گئے ہیں ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔جان اچکزئی نے کہا کہ بنوں میں ہونے والی دہشت گردی میں افغانستان کے شہری کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں،افغان تذکرہ اور افغان دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین سیکورٹی رسک بن چکے انہیں بھی ملک بدر کیا جائے گا ۔ پاکستان بار بار افغان طالبان سے دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کررہا ہے لیکن افغانستان پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کھیل رہا ہے ، ریاست پاکستان اپنے مطالبات کیلئے ہر حد تک جائے گی ۔بلوچستان کو غیرقانونی تارکین وطن سے پاک اور بلوچستان سے حوالہ ہنڈی کے کاروبار کو ختم کیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تربت میں غریب مزدوروں کے قتل کی کبھی کسی نے مذمت نہیں کی ، چمن دھرنے میںپاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مستقبل کا سنگار بنائیں گے اس سلسلے میں یو اے ای سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یاد داشت پر ہونے دستخط کے بعد یہ سرمایہ کاری بلوچستان میں منرلز ، انرجی اور دیگر شعبوں میں بھی ہوگی اسی طرح بہت سے ممالک سے تجارتی معاہدے کرلئے گئے ہیں ان تمام معاہدوں کا سہرا پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے جن کی کاوشوں کی بدولت یہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر آرہے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملک کو دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے لیکن اس حوالے سے وہ کوئی کردار ادا نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے آج بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہورہی ہے۔ درایں اثناء نگراں صوبائی وزیر اطلاعات نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر شیخ محمد بن زاید النہیان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی دور اندیش قیادت میں متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی اور کامیابیوں پر خوشی اور مسرت محسوس کرتا ہوں۔ انہوں نے اتحاد، اتفاق اور خوشحالی کے پائیدار جذبے کی تعریف کی جو متحدہ عرب امارات قوم کی اولین خصوصیات میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر جان اچکزئی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو اُجاگر کرتے ہوئے مشترکہ اقدار اور مشترکہ اہداف پر زور دیا جو دونوں خطوں کو باندھتے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور شہریوں کے لیے مسلسل کامیابی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے باہمی فائدے اور خطے کے لیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مذید مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔