چلاس نامعلوم افراد کی مسافر بس پر فائرنگ 8 افراد جاں بحق،16 زخمی

03 دسمبر ، 2023

سکردو( نثار عباس نامہ نگار) شاہراہِ قراقرم پر ضلع دیامر کے حدود پر واقع ہڈور کے مقام پر نامعلوم افراد کی مسافر بس پر فائرنگ سے 8مسافر جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے، بس میں خواتین و بچوں سمیت19مسافر سوار تھے ، 16 کو گولیاں لگیں ، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ،چلاس پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے ٹرک میں آگ لگی اور ٹرک ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا ، ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس سے امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق مسافروں کی نعشوں کو آر ایچ کیو ہسپتال پہنچا یا ، بس میں سوار ایک مسافر نے جنگ کو بتایا کہ بس میں خواتین اور بچوں سمیت19مسافر سوار تھے جن میں سے 16 مسافروں کو گولیاں لگی ہیں، محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق آر ایچ کیو ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور اپوزیشن لیڈر میثم کاظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔