خصوصی افراد کو لوگوں کی محبت اور توجہ کی ضرورت ہے، گورنر/ وزیراعلیٰ

03 دسمبر ، 2023

کوئٹہ(خ ن)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اورنگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے عالمی یوم خصوصی افراد کی مناسبت سے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ جسمانی کمی اور کمزوری کے شکار افراد بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو مشکلات کے باوجود ایک فعال اور کارآمد شہری کا کردار ادا کررہے ہیں، انہیں صرف سپورٹ، حوصلہ افزائی، سرپرستی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، ہر انسان مختلف خصوصیات اور صلاحیتیں رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہر فرد کو منفرد بنایا، خصوصی افراد کسی طور پر بھی کسی سے کمتر نہیں ہیں ۔ گور نر کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں احساس ہے کہ جس گھر میں بھی پیدائشی یا حادثاتی طور پر کوئی معذور فرد موجود ہو تو اس کے ساتھ خاندان بھر کے افراد بھی مشکل میں ہوتے ہیں. معاشرے میں خصوصی افراد کے لیے غیر ہمدردانہ رویوں اور سہولیات کے فقدان باعث ان کی زندگی اجیرن ہو سکتی ہے۔اس ضمن میں معذور افراد کے خاندان کے تمام افراد بالخصوص والدین خراج تحسین کے مستحق ہیں. کیونکہ مہذب اور صحتمند معاشرے کے قیام کیلئے خصوصی افراد کے ساتھ مثبت اور خوشگوار رویہ معاشرے کو زندہ رکھنے اور آگے بڑھانےکیلئے ضروری ہے.انہوں نے معذور افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ جسمانی معذوری کا شکار تو ہو سکتے ہیں لیکن مجبور ہر گز نہیں۔ خصوصی افراد کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے. معذوروں کیلئے وفاقی اور صوبائی محکموں میں ملازمت کیلئے کوٹہ مقرر کیا گیا ہے لیکن اس میں صرف نچلے درجے کے ملازمتوں پر عملدرآمد ہوتا ہے جبکہ آج کل معذوروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مہارت یافتہ افراد بھی موجود ہیں لہٰذا ان کی صلاحیت و قابلیت کے اعتبار سے بڑی ملازمتوں میں بھی ان کے حصے کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارا پختہ ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ اگر کسی شخص میں کوئی جسمانی کمی اور کمزوری پیدا کرتا ہے تو اس کی ذہنی اور دیگر صلاحیتوں میں اضافہ بھی کرتا ہے اور زندگی گزارنے کے لئے ہمت اور حوصلہ بھی دیتا ہے، نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اس لئے اشرف المخلوقات بنایا ہے کہ اس میں احساس ہوتاہے، احساس کا ختم ہونا ہی انسان کی سب سے بڑی معذوری ہے، اصل انسان وہ ہے جو احساسات کو اپنے اندر جگہ دے، انہوں نے کہا کہ مال ودولت اور شہرت کا ہونا بڑی بات نہیں جس شخص میں ا حساس کا مادہ ہو وہ کبھی پیچھے نہیں رہتا، انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو عام لوگوں کی محبت اور توجہ کی ضرورت ہے اور آج کا دن منانے کا مقصد بھی انفرادی اور اجتماعی طور پر اس بات کا احساس پیدا کرنا ہے کہ ہم سب معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔