پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آئی، پلڈاٹ

03 دسمبر ، 2023

لاہور(پنے نامہ نگار سے،جنگ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراض اٹھا دیا جبکہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آئی ووٹرز لسٹ نہیں دی گئی، اکبر ایس بابر کو مقابلہ کرنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا ۔سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ مجھےنہیں لگتا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اچھے طریقے سے ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ عجلت میں الیکشن کرانا پی ٹی آئی کے حق میں نہیں، مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہیں۔سربراہ پلڈاٹ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آتی جبکہ سیاسی جماعتیں ملک میں فری اینڈ فیئر انتخابات کی باتیں کرتی ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کاانتخاب "سلیکشن" قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخاب نہیں سلیکشن ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات پر ردعمل میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ایک بار پھر "سلیکشن" کاعمل صرف 15منٹ میں مکمل ہوگیا، عوام، الیکشن کمیشن اور اپنے پارٹی ورکرز کی آنکھوں میں مٹی ڈالنےکی کوشش کی گئی۔پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور دھاندلی ہوئی، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پر رکھی جائے وہ آگے کیا کرے گی۔ترجمان مسلم لیگ ن مریماورنگزیب کا کہنا تھا کہنامعلوم اورخفیہ مقام پریہ کیسا الیکشن تھا جس کا کوئی تجویزکنندہ تھانہ ہی تائیدکنندہ؟ ووٹرزتھےنہ ووٹرلسٹ، پریذائیڈنگ افسرتھا نہ الیکشن پراسیس؟ بانی رہنماؤں اور کارکنوں کےخوف سےانہیں الیکشن پراسیس سےہی باہرکردیاگیا۔انہوں نے کہا کہ اسےپارٹی میں "آمریت" اور "سلیکشن" کہتے ہیں،یہ جمہوریت،الیکشن کمیشن اورپارٹی ورکرزسےسنگین مذاق ہے، پارٹی میں بانی رہنماؤں اورکارکنوں کو "لیول پلیئنگ فیلڈ " نہیں دی گئی، کارکنوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے والے ملک میں "لیول پلیئنگ فیلڈ" کا مطالبہ کررہے ہیں۔لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ آرٹی ایس بٹھاکراقتدار میں آنیوالوں کی عادت نہیں بدلی، آرٹی ایس سے اقتدار میں آنے والی جماعت کوالیکشن کاکیاپتا، پارٹی کےاندرانتخابات کی شفافیت عوام کونظرآنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نےشورمچارکھا ہےکہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، ان کی آئیڈیالوجی ہی آرٹی ایس بٹھا کرالیکشن لڑنا ہے، ایسی جماعتوں کا یہی حال ہوتا ہےجوخالی کرسیوں کا حال ہے۔دریں اثنا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور دھاندلی ہوئی، آج پھرسلیکشن ہوئی ، کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے، آج کا انٹرا پارٹی الیکشن سب کےلیےسوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن لوگوں کو بیساکھیاں دی گئی تھیں، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پررکھی گئی وہ شفاف الیکشن کیسےکراسکتی ہے ؟ پارٹی میں جنہوں نے الیکشن لڑنا تھا ان کو ووٹنگ کا لنک ہی نہ بھیجا گیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائےکیا مفروروں کوبھی الیکشن لڑنےکی اجازت ہوتی ہے ؟ جس پارٹی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی ہو وہ آگے کیا کریں گے، ہمارا الیکشن کمیشن سےمطالبہ ہے کہ اب ان انتخابات کو چیک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کہتا تھا کہ جو 2 بار الیکشن لڑے گا اس کو تیسری بار لڑنے کی اجازت نہ ہوگی، آج بھی ان کو چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کا پرانا جیالا ملا ، ایک شخص کہتا تھا درخت یا کھمبےکوٹکٹ دےدوں تووہ بھی جیتے گا، آج نوبت یہ ہے کہ اس شخص کواپنی پارٹی میں ٹکٹ نہیں مل رہا۔