شدید تنقید،سلمان بٹ کو چند گھنٹے بعد ہی پی سی بی نے عہدے سے ہٹا دیا

03 دسمبر ، 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق کرکٹرز، ملکی اور بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے چند گھنٹے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سلمان بٹ کو قومی سلیکشن کمیٹی کے کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیاگیا۔ہفتے کی شب لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے اعلان کیا کہ سلمان بٹ کا نام اب واپس لے لیا گیاہے، میں کسی کا دباؤ نہیں ہوں ان کو کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ میں نے ہی کیا تھا لیکن اگر آپ اپنی غلطی تسلیم کرلیں تواس کی تعریف کی جانی چاہیے۔میں نے سلمان بٹ کا نام واپس لے لیا ہے، سلمان بٹ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، بطور چیف سلیکٹر میری ذمہ داری ہے کہ میرے ساتھ لوگ کون ہوں گے۔ بہت باتیں کی جارہی تھی نہیں چاہتا کہ سلمان بٹ سے متعلق غلط باتیں کی جائیں، نہیں چاہتا کہ لوگ سلمان بٹ سے میرے تعلق پر تنقید کریں۔دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم سلیکشن میں سلمان بٹ کا کوئی کردار نہیں تھاافسوس کی بات ہے کہ آپ اچھی چیز کرنے کی کوشش کریں تو پھر بھی تنقید ہو جاتی ہے ہر کسی کو خوش نہیں رکھا جا سکتا۔ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا اپنا ایک موقف ہے میں ان کے موقف کی عزت کرتا ہوں سلمان بٹ میرا فیصلہ تھا اور وہ میرے فیصلے کی بھی عزت کرتے ہیں۔میں صاف گو ہوں لیکن مجھ پر پی سی بی کی جانب سےسلمان بٹ کو ہٹانے کا کوئی دباو نہیں تھا سلمان بٹ سے میری دوستی ہے میں نہیں چاہتا کہ ان کی وجہ سے لوگ میرے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کریں میں نے سلمان بٹ سے بات کی اور وہ میرے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں میں نے انہیں کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے پی سی بی گندہ ہوہرشخص اپنی سوچ اور سمجھ کے مطابق بات کررہا ہے۔ کچھ چیزوں کی وضاحت دینا ضروری ہے، سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہورہی ہے وہ رائے دینے کی حد تک ہیں سلمان بٹ پی سی بی کے کسی پینل پر نہیں ہیں۔میں نے اپنی ذمہ داری سمجھ کر چیف سلیکٹر کا عہدہ لیا۔میں اسی وقت استعفی دوں گا جب پاکستان ٹیم کی کارکردگی خراب ہوگی۔واضع رہے کہ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو قومی سلیکشن کمیٹی کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے ایک دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید تنقید کے بعد یوٹرن لے لیا۔یاد رہے کہ سلمان بٹ سنہ 2010 میں ا سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار رہے تھے۔ انھیں اپنے دو ساتھی کرکٹرز محمد آصف اور محمد عامر کے ساتھ نہ صرف آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ لندن کی عدالت نے انھیں قید کی سزا بھی سنائی تھی اور وہ ڈھائی سال جیل میں رہے تھے۔ جبکہ اس کیس میں وہاب ریاض وہ چوتھے کرکٹر تھے جن سے ا سکاٹ لینڈ یارڈ نے پوچھ گچھ کی تھی مگر پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا تھا۔جمعے کو پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق سلمان بٹ، کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم جب ’سلیکشن ڈیوٹی پر نہیں ہوں گے تو اس دوران انھیں اضافی کام دیے جائیں گے، جیسے ا سکلز کیمپ کا قیام۔کنسلٹنٹ کا کام چیف سلیکٹر (وہاب ریاض) کو تجاویز دینا، فیڈ بیک لینا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنا ہے۔پریس کانفرنس میں وہاب ریاض نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ روایت ہے کہ جب کوئی شخص سزاپوری کرلے تو اسے نارمل زندگی گذارنے کا موقع دیا جائے۔بھارت میں محمد اظہر الدین اور اجے جڈیجا سزا پوری کرنے کے بعد اب کرکٹ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کنسلٹنٹ اس لئے بنائے ہیں تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر رائے دے سکیں۔سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ بنانے پر بعض میڈیا ہاوسسز کی وجہ سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔سلمان بٹ میرا دوست ہے مجھے علم ہے کہ وہ کرکٹ کو بہت اچھے طریقےسے سمجھتا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، سلمان بٹ کا نام واپس لینے کا فیصلہ صرف میرا ہے، میں نے اپنی ذمہ داری سمجھ کر چیف سلیکٹر کا عہدہ لیا۔میں نے کنسلٹنٹ بنانے کے لئے خرم منظور،فواد عالم،رومان رئیس ،عثمان شنواری اور بہت سارے لوگوں سے بات کی تھی۔یکم جنوری سے اسد شفیق کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ہمیں جوائن کریں گے میں اتوار کو کراچی جارہا ہوں تاکہ نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئینٹی سیریز کے لئے توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی سے مشورہ کروں۔میں کبھی دباؤ نہیں لیتا میری فطرت کو سب جانتے ہیں۔مجھے اس معاملے سے غیر ضروری لنک کیا گیا اور اسی وجہ سے اپنی ذمے داری لی۔ میڈیا میں جو کچھ کہا جا رہا ہے میں اس سے نہیں گھبراتا۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کرے گی۔میری صاحبزادہ فرحان سے بات ہوئی ہےاحمد شہزاد اچھا پرفارم کر رہا ہے جو کہ اچھی بات ہے مجھے احمد شہزاد کی تین سال کی ساری پرفارمنس کا علم ہے ابھی بھی وہ اچھا کھیل رہے ہیں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جو کہ اچھی چیز ہے۔کامران اکمل بھائی سے دوستی ہے لیکن وہ والی نہیں ہے جو سلمان بٹ کے ساتھ ہے۔میری دوستی افتخار انجم سے بھی ہے دوستی اسد شفیق سے بھی ہے۔