چیئرمین نیب اہم دورے پر کل لاہور پہنچیں گے

03 دسمبر ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ )چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ اہم دورے پر کل (پیر کو) لاہور پہنچیں گے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ چئیرمین نیب دیگر مصروفیات کے علاوہ دوپہر ڈھائی بجے پنجاب سول سیکرٹریٹ میں خصوصی طور منعقد کئے جانیوالے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، صوبے بھر کے انتظامی سیکرٹری ، ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر افسران شریک ہونگے جبکہ کمشنرز ، اور ڈپٹی کمشنر بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چئیرمین نیب اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ پنجاب کی بیورو کریسی سے خطاب کر نے کے علاوہ ان سے نیب سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی لیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام افسرام کو ہدایت کی ہے کہ چئیرمین نیب کے سامنے کھل کر اپنا موقف بیان کریں اور مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز دیں۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے میٹنگ میں شرکت کرنے والے اہم عہدوں پر تعینات افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نیب کے ڈر اور خوف سے انشی ایٹو ختم ہو گئے ہیں ۔ افسران نے بتایا اب افسر یہ نہیں دیکھتے کہ کیا کام کرنا ہے بلکہ یہ دیکھتے ہیں کہ کیا کام نہیں کرنا۔ سینئر بیوروکریٹس کا کہنا ہے کہ نیب کرپشن کرنے والے کو بالکل نہ چھوڑے کسی افسر کے خلاف کیس بناتے وقت تحقیقات میں اس کی نیت ضرور دیکھیں۔ سینئر افسران نے یہ بھی کہا کہ افسران میں خوف کی وجہ سے Good Faithکا تصور ہی ختم ہو گیا ہے ۔ بعض افسران کا خیال ہے نیب اگر شفافیت اور غیر جانبدار ہوکر کام کرے تو کسی کو کوئی ڈر خوف یا اعتراض نہیں ہوگا۔ نیب اس پات کو یقینی بنائے وہ کسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں ہوگا۔ اگر کسی افسر سے کوئی غلطی ہو بھی جائے لیکن سرکار یا کسی کا نقصان نہ ہوا ہو تو خطا اور جرم میں فرق ہونا چاہیئے۔ سینئر بیوروکریٹس نے یہ بھی کہا کہ چئیرمین نیب لیفٹنٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ شاندار کیرئیر اور اچھی شہرت کے حامل رہے ہیں۔ ان سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔