ایم ڈی کیٹ کا پرچہ دوبارہ لیک ، طلبہ نے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

03 دسمبر ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ میں ایم ڈی کیٹ 2023 کا پرچہ دوبارہ لیک ہونے پر امتحان دینے والے 14 طلبا نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں سندھ حکومت، پی ایم ڈی سی، ڈاؤ یونی ورسٹی اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایم ڈی کیٹ کا پہلا امتحان جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے منعقد کروایا تھا، امتحان سے ایک روز قبل پرچے کے سوالات لیک ہوگئے تھے، سندھ حکومت نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات پردوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا، ڈاؤ یونی ورسٹی کے تحت دوبارہ منعقد ہونے والے امتحان کا پرچہ بھی لیک ہوگیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ امتحانات سے قبل رات گئے سوالات سوشل میڈیا پر موجود تھے، اطلاعات ہیں کہ لیک شدہ پرچہ بارہ لاکھ روپے میں فروخت ہوا، امتحان سے قبل سوال نامہ لیک ہونا امتحانات کی شفافیت پرسوالیہ نشان ہے، ڈاؤ یونی ورسٹی سے طلبا نے رابطہ کیا لیکن ادارے نے درخواست گزار کے تحفظات کو نظرانداز کیا، اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ طلبا کے پاس امتحان سے قبل ہی سوالنامہ موجود تھا، درخواست گزار کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈاؤ یونی ورسٹی کے تحت منعقد ہونے والا ایم ڈی کیٹ کا امتحان غیر قانونی اورکالعدم قرار دیا جائے، ساتھ ہی امتحان کے بعد جامعات کی جانب سے داخلوں کے عمل کو روکا جائے، لیک شدہ پرچے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم جاری کی جائے، ایف آئی اے کو پرچہ لیک کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی حکم دیا جائے۔