چین کی جانب سے پاکستان کو دیئے 25 لائٹننگ ڈیٹیکٹرز مختلف علاقوں میں نصب

03 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کو دیئے گئے 25 لائٹننگ ڈیٹیکٹرز مختلف علاقوں میں نصب کر دیئے گئے ہیں ،اس کا بنیادی مقصد پی ایم ڈی کی آسمانی بجلی کی وارننگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے ۔پی ایم ڈی میں سیسمولوجی ڈویژن کے ڈائریکٹر زاہد رفیع نے بتایا کہ چین نے پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر مالیت کے 25 ویدر ڈیٹیکٹرز فراہم کردیئے ہیں تاکہ انتہائی کم فریکوئنسی(وی ایل ایف/وی ایف) لائٹننگ نیٹ ورک قائم کیا جاسکے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد محکمہ موسمیات(پی ایم ڈی)کی آسمانی بجلی کی وارننگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور آسمانی بجلی گرنے سے جان و مال دونوں پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنا ہے۔ زاہد رفیع نے گوادر پرو کو بتایا کہ یہ ڈیٹیکٹر پاکستان کے مختلف علاقوں میں نصب ہیں جہاں آسمانی بجلی گرنے سے جان و مال کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے یہ تعاون ایک قیمتی تحفہ ہے جسے پاکستان پہلی بار استعمال کرے گا۔ یہ تعاون تیاریوں اور جوابی صلاحیتوں کو بڑھانے میں پاک چین شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔