زمین تنازعہ مقدمہ ، جعلی بیان حلفی جمع کرانے پر اپیل بھاری ہرجانےکیساتھ مسترد اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو 10 لاکھ ہرجانہ 10 دنوں میں فریقین کو ادا کرنیکا حکم دیدیا

03 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے زمین تنازعہ کے مقدمہ میں جعلی بیان حلفی جمع کرانے پر اپیل بھاری ہرجانے کے ساتھ مستردکرتے ہوئے درخواست گزار کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ 10 دنوں میں فریقین کو ادا کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت سے جاری تحریری فیصلہ میں عدالت نے عدالت کو گمراہ کرنے ، حقائق چھپانے اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے پر سیشن جج کو درخواست گزار کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سیشن جج کریمنل کارروائی کر کے 6 ماہ میں رپورٹ پیش کریں، درخواست گزار شہری نے کمپلینٹ فائل کرتے وقت ساتھی پٹیشنرز کے غلط بیان حلفی جمع کروائے،غلط دستاویزات پیش کرکے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی،عدالت نے پوچھا کہ غلط بیانی اور دھوکہ دہی پر کیوں نہ بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ؟، عدالتی سوال کا جواب دینے کے بجائے درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ فریقین کے مابین مفاہمت کا امکان ہے،مختلف وجوہات کی بنا پر التوا لیا جاتا رہا اور پھر عدالتی سوال کا جواب دینے کے بجائے وکیل تبدیل کر لیا، عدالتی سوال کا جواب دینے کے بجائے ایک سال تک معاملے کو لٹکانا توہین آمیز ہے،درخواست گزار نے اپنے حق میں فیصلہ لینے اور مذموم مقاصد کے لیے بدنیتی کے تحت حقائق چھپائے اور غلط بیانی کی ہے ۔