اسٹیبلشمنٹ حقیقت، 18 ویں ترمیم ختم کرنے کا مقصد اسلام آباد کو اختیار دینا، پیپلز پارٹی

03 دسمبر ، 2023

کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں،جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، 18ویں ترمیم سےعوام کوفائدہ ہوا ہے، 18 ویں ترمیم ختم کرنے کا مقصد اختیارات اسلام آباد کو دینا ہوگا، جنہیں لاہور میں انڈے ٹماٹر پڑ رہے ہیں انہیں پنجاب کی فکر ہے، نواز شریف ووٹ کی بے عزتی نہ کریں انتظامیہ کے بجائے اپنے بل پر الیکشن لڑیں، سلیکٹڈ حکومتیں ہمیشہ ناکام ہوئیں، نیا فرشتہ نہ بنائیں نئی سیاست لا ئیں، انتخابات میں(ن) لیگ یا پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے سے انتقامی سیاست ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ خود کام کرنا چاہتے ہیں نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں، ایسی حکومت بنانی پڑیگی جو 18 ویں ترمیم پر عمل کرے۔بلاول بھٹو نے کہا کچھ لوگوں کو ہواؤں کے رُخ اُن کی طرف ہونے کی غلط فہمی ہے، رائے ونڈ کی طرف سے کسی نہ کسی طریقے سے ہوا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جن کو لاہور میں ٹماٹر، انڈے پڑ رہے ہیں ان کو سندھ نہیں پنجاب کی فکر ہے، سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی نیب کا مقابلہ کیا اب بھی کرنے کو تیار ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم عوام کا لاڈلہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں ہواؤں کا رُخ عوام بناتے ہیں، جب عوام فیصلہ کر لے تو پھر سب کو عوام کا فیصلہ ماننا پڑتا ہے، ہماری تو یہ اسٹریٹیجی ہے باقی ان کی مرضی ہے۔