وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی گلوبل سٹاک ٹیک ہائی لیول گول میز اجلاس میں شرکت

03 دسمبر ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) ، وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہفتہ کے روزدوبئی میں ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں مینز آف امپلیمی نٹیشن پر گلوبل اسٹاک ٹیک کے اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے میں شرکت کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے بحران کی شدت کو اجاگر کیا اور اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی سمیت نفاذ کے مناسب ذرائع فراہم کرنے پر زور دیا۔ اعلیٰ سطحی تقریب COP28 میں”مینڈیٹڈ ایونٹس“ کی ایک سیریز کا حصہ تھی جس میں تقریباً 30 سربراہان مملکت/حکومت نے شرکت کی۔ادھر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو ان کے 52 ویں قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس تاریخی دن پر کوپ28 کے لیے دبئی میں آکر بہت خوش ہوں۔ ہفتہ کو ایکس پر اپنے ایک پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کو تجارت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے پر صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی قیادت کو بھی سراہتے ہیں۔