بھارتی حکمران کشمیر یوں کو اقتصادی بدحالی میں دھکیل رہے ہیں، عمرعبداللہ

05 دسمبر ، 2023

سری نگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ادھمپور میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکمران پنجاب کی سرحدکے پاس ہمیں جمہوریت کا کارڈدکھاتے ہیں لیکن اس کے آگے اسے آنے نہیں دیتے، ہمیں تو پہلے لگ رہا تھا کہ بھارتی حکمرنوں کو صرف اسمبلی انتخابات سے نفرت ہے اور باقی چیزیں ہوتی رہیں گی لیکن اب ثابت ہوا ہے کہ انہیں صرف اسمبلی سے ہی نفرت نہیں بلکہ یہ لوگ جموں وکشمیر میں پنچایتی راج اور بلدیاتی نظام کے بھی خلاف ہیں اور ان کا بس چلے تو ڈی ڈی سی ارکان کو بھی ختم کرکے کہیں پر بٹھا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کا کیا قصورہے جو انہیں جمہوری حقوق سے محروم رکھا جارہاہے اور انہیں اپنی اسمبلی منتخب کرنے کا موقع نہیں دیا جارہاہے۔ الٹا ہم پر بے تاج بادشاہ مسلط کئے گئے ہیں جو جموں و کشمیر سے متعلق فیصلے لیتے ہیں لیکن ان فیصلوں میں عوام کی شمولیت نہیں ہوتی۔