باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا انہیں عدالت بلاؤں گا،9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا ، بشریٰ کی شکل پہلی بار نکاح کے دن دیکھی،عمران خان،دعویٰ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے،عون چوہدری

05 دسمبر ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) سائفر کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو عدالت بلاؤں گا۔،9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا ، بشریٰ کی شکل پہلی بار نکاح کے دن دیکھی۔لندن پلان نواز شریف کو لانے ہمیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کیلئے تھا۔مجھے غیر آئینی طور پر پکڑاگیا، 48گھنٹوں میں ہمارے دس ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا، یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی ہے کہ لوگ کور کمانڈر ہاؤس کے اندر نہ جائیں، سی سی ٹی وی دیکھ لیں انکو کون اندر لے کر گیا، آج تک نو مئی کا کمیشن کیوں نہیں بنا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سائفر کیس میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بناؤں گا۔ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا، جنرل باجوہ کو عدالت بلاؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا مجھ سے کسی نے مذاکرات نہیں کیے، لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے، جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں۔خاور مانیکا کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہا جا رہا ہے۔، شیخ مجیب الرحمٰن کیخلاف انہوں نے کیا کیا مگر اس نے 162 سیٹیں جیتیں تھیں۔سابق چیرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 6.17 کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں، عوام کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑے جانے سے متعلق سوال پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا چند سیاسی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔خیال رہے کہ سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عون چوہدری نے عمران خان کے بشریٰ بی بی کا چہرہ نہ دیکھنے کے دعوے کو صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کے لیڈر کا خود بولنے والا جھوٹ بولے تو میرا فرض ہے کہ سچ سامنے لاؤں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے پول کھولے تو انہیں شرم سے سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی بشری بی بی سے نکا ح سے پہلے درجنوں بارے ملے اور دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا بھی تھا، بشری بی بی قران پرحلف دیدیں کہ انہوں نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کونکاح سے پہلے چہرہ نہیں دکھایا، میں خود سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو ملاقات کے لئے لیکر جاتا رہا، سابق چیئرمین جھوٹ میں کتنا گریں گے کہ جھوٹا قران اٹھانے تک پہنچ گئے۔عون چوہدری نے کہا کہ سابق تعلق کا لحاظ رکھ رہا ہوں ورنہ ایسے راز کھولوں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا گند دنیا کے سامنےآجائے، سابق چیئرمین بشری بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار نکاح سے پہلے ملے۔ گھنٹوں ملاقات کرتے رہے، سابق چیئرمین کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اللہ کاشکر ہے کہ ان کو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔نئے چیئرمین پی ٹی آئی کے لئے بیرسٹر گوہر علی کی نامزدگی بھی انکے اندر کے خوف کی عکاس ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے کسی اہل شخص کو پارٹی میں مقام دینا ہی نہیں چاہتے، ملک میں شر پھیلانے اوراداروں سے تصاد م کرنے والے کے خلاف آواز بلندکرنا ملک سے وفا کے مترادف ہے۔