پاکستان کی ترقی تعلیم اور تحقیق کے فروغ سے وابستہ ہے،گورنر پنجاب

05 دسمبر ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں بلوچستان ریذیڈنشل کالج ژوب اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طلبا اور اساتذہ کے وفد نے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے طلبا اور اساتذہ کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا۔ وفد میں پروفیسر خورشید بخاری، پروفیسر اکبر، پروفیسر سردار علی، مرزا سعید احمد، مدثر حسن اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی ترقی تعلیم اور تحقیق کے فروغ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں نئی تحقیق اور ٹیکنالوجی سیکھنا بہت اہم ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبا مثبت سوچ اپنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں بلوچستان کے طلبہ کو بھی شامل کیا گیا تاکہ تعلیم کے شعبے میں بلوچستان کے طلبہ کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی ترقی کیلئے چاروں اکائیوں کی یکساں ترقی بہت ضروری ہے۔