انگلینڈ: ٹرین ڈرائیوروں کی ہڑتال سے مسافروں کو سفری پریشانی

05 دسمبر ، 2023

لندن (پی اے) ڈرائیورو ں کی ہڑتال کے باعث ٹرین کے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرین ڈرائیوروں کی ہڑتال منگل تک جاری رہے گی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کے مختلف حصوں میں مسافروں کو مزید سفری پریشانی کا سامنا ہوگا۔ ٹرین ڈرائیوروں کی یونین سی2سی اور گریٹر انگلیا کے ارکان آنے والے دنوں میں دوسرے آپریٹرز کی ہڑتالوں کے بعد واک آئوٹ کریں گے۔ ہڑتالوں کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت شام اور صبح کے وقت متاثر رہے گی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ بھر میں ٹرین ڈرائیوروں نے گزشتہ جمعہ سے اوورٹائم بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدرفت متاثر ہوئی۔ انہوں نے یہ اقدام ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد اٹھایا کہ اسلیف ارکان نے تنخواہوں پر اپنے طویل عرصہ سے جاری تنازع پر اگلے چھ ماہ کے لئے انڈسٹرئیل ایکشن جاری رکھنے کی حمایت میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیئے ہیں۔ منگل کے روز سی2سی کی کوئی ٹرین نہیں چلے گی جبکہ گریٹر انگلیا سروسز بھی تعطل کا شکار ہوگی۔ سی2سی کے منیجنگ ڈائریکٹر راب ملن نے کہا ہے کہ مجھے حقیقتاً مایوسی ہوئی ہے کہ اسلیف سے کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا ہے۔ موجودہ اقدام ہمارے مسافروں اور ساتھیوں کو متاثر کرے گا۔ مجھے امید ہے کہ یونینز سے مزید ملاقاتیں سود مند ہوں گی اور ریلوے کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے گا۔ گریٹر انگلیا نے کہا ہے کہ ناروچ اور لندن لیورپول سٹریٹ اور سائوتھ اینڈ وکٹوریہ اور لندن لیورپول سٹریٹ کے درمیان سروسز کم کر دی جائیں گی۔ آر ایم ٹی ارکان گزشتہ ہفتہ تنخواہوں پر ایک پیشکش قبول کر چکے ہیں مگر اسلیف کا تنازع اب تک جمود کا شکار ہے۔