9مئی سازش تھی یا عمران خان نے اپنے تکبر ،غرور میں یہ حرکت کی ،خمیازہ بھگتنا پڑیگا،رانا ثناء

05 دسمبر ، 2023

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ9مئی سازش تھی یا بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے تکبر اور غرور میں یہ حرکت کی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ،سائفر کیس میں جنرل (ر) باجوہ کو بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ عدالت کرے گی،بنیادی فیصلوں کے علاوہ کوئی ایک جماعت ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی،چارٹر آف اکانومی تمام سیاسی جماعتوں کو بٹھاکر کیا جانا چاہئے، جے یو آئی کے ساتھ الیکشن اتحاد کی کوئی بات زیر غور نہیں ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ جن جماعتوں سے بھی ممکن ہو سکتی ہے اور اس پر بات چیت جاری ہے ،نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی بحالی معاشی بحران سے نکالنے و غریب آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کی جنگ لڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں نواز شریف اور شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سب کی بات سنی گئی ہے ، (ن) لیگ کے ورکرز ، رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، بہت اچھے ماحول میں انٹرویوہوئے ۔اجلاس میں 122لوگوں کے انٹرویو کیے گئے ،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51سے این اے 57تک اور اسی طرح پی پی 6سے لیکر پی پی 19تک حلقے تھے ۔ ان حلقوں کے متعلق بورڈ نے ابتدائی ڈسکشن کر لی ہے اور فیصلہ یہی ہے کہ جب دو تین ڈویژنز کو ہم مکمل کر لیں گے تو اس کے بعد امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے بعد اگلے ہفتے دس دن تک اس ایکسائز کو اسی طرح سے مکمل کیا جائے گا ۔ آج (منگل ) کے پی کے ڈویژن کے متعلق بورڈ انٹرویو کرے گا اور کل (بدھ ) بلوچستان کی باری ہے اس کے بعد دوبارہ ہم پنجاب کا شیڈول جاری کریں گے ۔