اسلام آباد ( طاہر خلیل ،ایوب ناصر ) الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کردیا گیا اس حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کردی، درخواست گزار کا موقف ہے کہ انتخاب محض دکھاوا، فریب، پارٹی ارکان ووٹ دینے سے محروم رہے، پارٹی الیکشن قواعد و ضوابط، شیڈول، کاغذات نامزدگی کی تاریخ، وقت اور طریقہ کار نہیں بتایا گیا، استدعا ہے کہ انتخابات کالعدم قرار دیئے جائیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا تقاضا ہے تمام سیاسی جماعتوں میں قیادت منتخب ہو، جعلی انٹراپارٹی الیکشن کا عمل ختم اور انتخابی قوانین اور ضابطوں کا پابند بنایاجائے، درخواست گزار نے ویڈیوز اور دیگر شواہد بھی جمع کرا دیئے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی آئین اور قانون کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے بعد دستاویز کمیشن میں جمع کردی ہیں، الیکشن کمیشن بلے کے نشان کو التوا میں رکھنے کی بجائے اسے پی ٹی آئی کو جاری کرے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔ بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے۔ الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے۔الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔ اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے بھی اسی طرح کی درخواست دائر کی گئی، راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی، انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔خیال رہے کہ اکبر ایس بابر نے بھی پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کرینگے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بےضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائیگی، چند دنوں میں ان انتخابات کو چیلنج کردینگے، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، قوم کے سامنے انٹراپارٹی الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیاں رکھوں گا۔ دریں ازیں آئی این پی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ بحرانوں سے نجات کی راہ صاف شفاف انتخابات میں مضمر ہے، پارٹی آئین اور قانون کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے بعد دستاویز کمیشن میں جمع کردی ہیں، اعلامیہ میں ترجمان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق اکبر ایس بابر کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی انتخابی عمل میں مساوی انداز میں شرکت ناگزیر ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ تحریک انصاف یا اس کی قیادت کے بغیر شفاف انتخابات کا کوئی تصور ممکن نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کی کوششوں سے قوم واقف ہے۔ اعلامیہ میں ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کی جانب سے انتشار کے بیج بونے کی حوصلہ شکنی کرے۔
اسلام آباد بلوچستان جعفر ایکسپریس آپریشن کی تفصیلات کے حوالے سے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل چوہدری...
لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات...
اسلام آباد وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے وزارت کا چارج سنبھالتے ہی ذیلی اداروں کے ہنگامی...
اسلام آباد پیٹرولیم ڈویژن کے ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت نے ایک اور ون ٹرم ایل این جی...
اسلام آباد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے، بحران کے ذمہ داروں کو...
راولپنڈی ملک بھر میں آج ہفتہ15 مارچ کو یومِ تحفظ ناموسِ رسالت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔پاکستان...
اسلام آباد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بڑھتی دہشت گردی کے تناظر میں کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد میں PTI کو...
اقوام متحدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسلاموفوبیا کے دن مسلم اور غیرمسلم اراکین ممالک کے...