دو صوبوں میں بدامنی، انتخابی مہم چلائی جاسکتی ہے؟ فضل الرحمٰن

06 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)جمعیت علماءاسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دو صوبے دہشت گردی اوربدامنی کی لپیٹ میں ہیں ‘ ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت میں پولیس نہیں‘کیا ایسے ماحول میں انتخابی مہم چلائی جاسکتی ہے یا الیکشن ہوسکتے ہیں ؟ایسی صورت میں منصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ‘ہم الیکشن کا التواء نہیں چاہتے مگر پرامن ماحول دیا جائے‘لاہور میں تو سب ٹھیک ہے مگر ہماری طرف بھی سب ٹھیک ہو‘ انتخابات کے حوالے سے اس وقت ہمارا پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے لیکن مسلم لیگ (ن) سے اتحاد ہو گیا ہے اور ہم خیبر پختونخوا اورپنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے‘ پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک غبارہ تھی ہوا نکلی تو حیثیت ختم ہوگئی ‘ دو صوبے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں ایسی صورت میں منصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں‘کسی اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گا ، وزیراعظم وہی ہوگا جسے عوام منتخب کرینگے ‘کوئی کسی کیلئے راہ ہموار نہیں کرسکتا‘پی ٹی آئی سے وہی لوگ جا رہے ہیں جو زبردستی شامل کئے گئے تھے۔ مدارس کے نظام میں رکاوٹیں دور ہونی چاہیے مدارس کی رجسٹریشن کیلئے قانون ہونا چاہیے ۔ن لیگ سے اتحاد الیکشن کے بعد بھی جاری رہے گااوراسے ہمیشہ برقرار رکھیں گے‘دونوں جماعتوں نے مذاکراتی کمیٹیاں بنادی ہیں ‘ ہم کے پی اور ن لیگ پنجاب میں تعاون کرے گی۔