اسلام آ باد :پہلی بار سیکٹرز میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ

06 دسمبر ، 2023

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) سی ڈ ی اے کاوفاقی دار الحکومت میں پہلی بار سیکٹرز میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ ، چین سے30 جدید الیکٹرانک بسوں کی پہلی کھیپ اگلے ماہ پہنچ جا ئے گی ،کل 160بسیں خریدی گئی ہیں جو تیاری کے مراحل میں ہیں۔ چار ماہ کے اندر تمام بسیں اسلام آ باد پہنچ جا ئیں گی۔سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ 30بسیں تیار ہیں اور ان میں آئی ٹی ایس سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ اس بس کی لمبائی نو میٹر ہے۔ اس میں کرایہ کی وصولی کارڈ کے ذ ریعے ہوگی جسے بس میں نصب مشین میں سکریچ کیا جا ئے گا۔یہ بسیں وزارت دفاع کا ایک ذیلی ادارہ ا ین ٹی آ ر سی چلائے گا جس کے ساتھ سی ڈی اے نے معاہدہ کرلیا ہے۔ یہ معاہدہ 8سال کیلئے کیا گیا ہے۔ یہ الیکٹرانک بسیں اسلام آ باد کے 13روٹس پر چلیں گی۔بسیں سر کاری کمپنی نے خود خریدی ہیں ۔سی ڈی اے کمپنی کو فی کلو میٹر کے حساب سے کرایہ ادا کرے گا۔ یہ پبلک ٹرانسپورٹ سروس تین مراحل میں مکمل ہوگی۔ فیز ون کا آ غاز 30 جنوری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں دو روٹس پر بسیں چلیں گی جن میں پیر ودھائی چوک سے فیض آ باد (آئی جے پی روڈ) اور دوسرا روٹ ترامڑی چوک سے آ بپارہ مارکیٹ ہوگا۔ فیز ٹو کا آ غاز 15مارچ سے ہوگا۔اس میں چھ روٹ شامل کئے جائیں گے جن میں علامہ اقبال اوپن یو نیورسٹی سے پوٹھوار اسٹیشن تک ( براستہ شفاء ہسپتال اور آئی ایٹ مرکز) ‘ پمز ہسپتال سے سیکر ٹیریٹ تک ( براستہ جناح سپر اور سپر مارکیٹ )‘ پمز سے ایمبیسی روڈ ( براستہ میلوڈی ‘آ بپارہ اور نادرا) ‘ جی الیون سے پمز (براستہ جی الیون۔ جی ٹین ۔ جی نا ئن اور جی ایٹمرکز )‘ پمز سے سیکر ٹیریٹ اور ڈی بارہ سے جی ٹین اسٹیشن شامل ہیں۔فیز تھری کا آ غاز 15 اپریل سے ہوگا۔ اس میں پانچ روٹ رکھے گئے ہیں جن میں نیلور سے کھنہ پل ‘ سیکٹر بی سترہ سے چونگی نمبر26‘ پولیس فا ئونڈیشن سے فیضاحمد فیض اسٹیشن ‘ ایف الیون سے ایف اسٹیشن اور سیکٹر آئی سولہ سے چونگی نمبر26شامل ہیں۔ ذ رائع کے مطا بق یہ روٹس با قاعدہ ٹریفک سروے کے بعد تشکیل دیے گئے ہیں اور انہیں میٹرو بس سروس سے بھی منسلک کر دیاگیا ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ چلنے سے سڑکوں پر گاڑیوں کی ٹریفک کا دبائو کم ہوگا۔