سکھ رہنما پر ناکام قاتلانہ حملے کا معاملہ بھارتی وزیر خارجہ کےساتھ اٹھایا ہے، امریکا

06 دسمبر ، 2023

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ سکھ رہنما پر ناکام قاتلانہ حملے کا معاملہ اٹھایا ہے ۔ بھارت کی جانب سے امریکا میں خالصتانی سکھ رہنما پر ناکام قاتلانہ حملے پر سوالات کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کی مکمل تحقیقات تک میرے لئے مزید بات کرنا مناسب نہیں،بھارت کو واضح کیا ہے کہ امریکا اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے، بھارت نے کہا کہ وہ تحقیقات کر رہا ہے،ایک سوال کہ’’ بھارت نے آج تک کینیڈا میں قتل کئے جانے والے سکھ رہنما کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا، آپ کتنے پر امید ہیں کہ بھارت اب امریکا سے تعاون کرے گا‘‘ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کینیڈا کی تحقیقات میں تعاون کرے،امریکا میں بھارتی سازش کے معاملے پر بھارتی تحقیقات کے منتظر ہیں، تحقیقات مکمل ہونے تک میں تعاون کے حوالے سے اندازہ نہیں لگا سکتے۔ایک اور سوال کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بھارت نے مریکی خودمختاری پر حملہ کیا؟ کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ میں فرد جرم میں شامل معلومات سے آگے بات نہیں کروں گا۔