توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف عمران کی اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد

07 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کر دی، علاوہ ازیں توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی و فواد چوہدری کا ٹرائل جیل میں ہو گا الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔الیکشن کمیشن نے21 اکتوبر 2022 کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ دیا تھا۔بانی پی ٹی آئی نے فیصلے کیخلاف گزشتہ برس 28 اکتوبر کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں معاملہ زیرِ التوا ہونے کے باعث اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی اور 13 ستمبر کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا جس میں کہاگیاہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ وزارتِ داخلہ کو 2 روز میں انتظامی رپورٹ تیار کر کے الیکشن کمیشن میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا فیصلہ نہیں سنایا ہے۔