KP، نیب کی حکمت عملی، میڈیکل آلات کی مد میں 1ارب 38کروڑ کی بچت

07 دسمبر ، 2023

پشاور (ارشدعزیز ملک )قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا کی بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں کئی سالوں سے ڈبوں میں بند ایک ارب 38 کروڑ روپے کا سامان اور مشینیں مختلف ہسپتالوں میں تقسیم کردی گئیں،محکمہ صحت کے 1500 آلات و مشینیں عرصہ دراز سےخراب ہونے کاانکشاف ،کئی ہسپتالوں نےنئی مشینوں کے لئے رقم مانگ رکھی تھی۔ نیب کے قابل ذکر اقدام سے تقریباً صوبائی حکومت کو ایک ارب 38کروڑ روپے کی بچت کے ساتھ ساتھ ہر ماہ تقریباً دو لاکھ مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ میڈیکل ایکویپمنٹ میں فل باڈی سکینایکسرے مشینیں ٗاینستھیزیا مشین ٗ الٹراساؤنڈ مشینیں ٗ ٹشو فلیکشن پروسیس ٗ ای این ٹی یونٹ ٗایکو کارڈیالوجی ٗ اینڈوسکوپی گیسٹرو ڈیوڈینلٗاینڈوسکوپی سسٹم ٗ اور سروائیکل ٹریکشن یونٹ سمیت 1500مشینیں شامل تھیں ۔محکمہ صحت کے افسروں کی غفلت کے باعث سامان کسی سالوں سے سٹوروں میں پڑا تھا۔ نیب کے ایک افسر نے جنگ کوبتایا کہ چیرمین نیب نذیر احمد بٹ کے وژن کی روشنی میں نیب خیبر پختونخوا نے انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ گورننس پر بھی توجہ مرکوز کررکھی ہے اس نئی حکمت عملی کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔