اسٹاک مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران 64 ہزار کی حد بھی عبور ،962 پوائنٹس کا اضافہ

07 دسمبر ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار، نیا ریکارڈ قائم،کے ایس ای100انڈیکس 962 پوائنٹس کے اضافے سے، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 64ہزار کی حد بھی عبور کر گیا، 67.09 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 113 ارب 85 کروڑ 17 لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم 28.66 ٖفیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق ملک کے معاشی اشاریے بہتر ہونے،آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات، مختلف معاشی شعبوں میں اصلاحات اور شرح سود کم ہو نے کی خبروں سے سرمایہ کاروں کا مارکیٹ میں اعتماد بڑھا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ گذشتہ کچھ ہفتوں سےمسلسل بلندی کی جانب گامزن ہے، بدھ کو بھی مارکیٹ 232پوائنٹس کے اضافے سے کھلی جس کے بعد تمام اہم سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کی جاندارلہر دیکھنے میں آئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 63 کے بعد 64ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 961.70 پوائنٹس کے اضافے سے 62956.03 پوائنٹس سے بڑھ کر 63917.72 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے،کے ایس ای30انڈیکس بھی 348.08 پوائنٹس کے اضافے سے 21351.74 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 526.64 پوائنٹس کے اضافے سے 42533.31 پوائنٹس پر آگیا۔