غزہ، خان یونس کی گلیوں میں شدید لڑائی، حماس کے اسرائیلی ٹینکوں پر حملے، رہائشی عمارتوں پر خوفناک بمباری

07 دسمبر ، 2023

غزہ (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ ، خان یونس کی گلیوں میں شدید لڑائی، حماس کےاسرائیلی ٹینکوں پر حملے،رہائشی عمارتوں پر خوفناک بمباری ، صیہونی فوج کے غزہ پر 250فضائی حملے ، درجنوں فلسطینی شہید ، جبالیہ اوردیر البلاح میں شہید فلسطینیوں کی اجتماعی قبروں میں تدفین ، حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کے تمام محاذوں پر شدید جھڑپیں جاری ہیں ، القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزمزاحمت کاروں نے خان یونس اور شمالی بیت لاہیہ میں اسرائیلی فوج کی 23گاڑیاں مکمل یا جزوی تباہ کردیں، القسام کے مطابق اسنائپرز حملوں میں اسرائیلی فوج کے 6اہلکاروں کو ہلاک یا زخمی کردیا گیا، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں آپریشن کے بعد اسرائیلی افواج اس کی سکیورٹی سنبھال لیں گی ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ واشنگٹن آپریشن کے بعد غزہ پر دوبارہ اسرائیلی قبضے کا حامی نہیں ہے اور صیہونی افواج کا مکمل انخلا چاہتا ہے، اسرائیلی فوج نے زمینی جنگ کے دوران ایک ہی روز میں اپنے مزید3فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، حزب اللہ اور اسرائیل نے لبنان کی سرحد کے قریب ایک دوسرے کی چوکیوں پر میزائل حملے کئے ہیں، اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کے تحت سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جاری جنگ پر غور کرے ، لبنانی فوج نے اسرائیلی بمباری میں اپنے اہلکار کی شہادت کے بعد اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ میں درخواست جمع کراودی ہے ، یمنی حوثیوں نے اسرائیل پر مزید بیلسٹک میزائل سے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر کے علاقے میں اسرائیل کی طرف داغے گئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کو روک دیا ، اسرائیلی ریڈیو کے مطابق میزائل ایلات کے قریب یمن سے لانچ کئے گئے تھے جبکہ ڈرونز کی مداخلت کا بھی شبہ ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کے غزہ میں بفرزون کے قیام کا منصوبہ مسترد کر دیا۔ قطر سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے ترکیے میں حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرگیا، صیہونی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک دن میں 250فضائی حملے کئے ہیں،جبالیہ، نصیرت اور دیر البلاح سمیت متعدد علاقوں میں درجنوں افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ، جبالیہ اور دیر البلاح میں شہداء کی اجتماعی قبروں میں تدفین ، اسرائیلی لڑاکا طیاروں ایف سولہ نے بھی غزہ پر بمباری اور پروازوںکا سلسلہ جاری رکھا، دوسری جانب غزہ کے شہر خان یونس کی گلیوں میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان شدید لڑائی کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا ، حماس کے مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں پر حملے کئے ہیں،القسام بریگیڈز نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ اسرائیلی فوج کی12فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، حماس نے شجاعیہ میں 4فوجی ٹینک تباہ کرنے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ہے انہیں غزہ میں شہری آبادی کے مرکز میں ہتھیاروں کا ایک بڑا ڈپو ملا ہے اور انہوں نے میزائل، دستی بم، ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کو قبضے میں لے لیا یا تباہ کر دیاہے، دریں اثناء خان یونس کےایک بے گھر رہائشی حسن القادی نے کہا کہ پورا شہر تباہی اور مسلسل گولہ باری کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی غزہ سے آنے والے بہت سے لوگوں کو سنگین حالات کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگ بے گھر ہیں اور کچھ اپنے لاپتہ بچوں کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے جنوبی شہر رفح میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم محض تعداد نہیں ہیں، ہم انسان ہیں۔امدادی گروپ نارویجن ریفیوجی کونسل نے الزام لگایا کہ غزہ میں تشدد اب تک کے شہری آبادی پر بدترین حملوں میں شمار ہوتا ہے،اس نے سردیوں کے قریب آنے سے صحت عامہ کے سنگین خطرے سے بھی خبردار کیا۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز علی الصبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ شمالی غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال کے قریب ایک فضائی حملے میں حماس کے متعدد کمانڈر شہید ہو گئے۔حماس اور اسلامی جہاد کے ذرائع نے بتایا کہ ان کے جنگجو گزشتہ روز علی الصبح اسرائیلی فوجیوں سے لڑ رہے تھے تاکہ انہیں خان یونس اور آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔