حماس کی قید سے رہا ہونے والے اسرائیلیوں سے ملاقات نیتن یاہو کو مہنگی پڑگئی

07 دسمبر ، 2023

کراچی(نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نتنن یاہو کو حماس کی قید سے رہائی پانے والے اسرائیلیوں سے ملاقات مہنگی پڑگئی، اسرائیلی وزیراعظم نے شرکاء کو بتایا کہ وہ تمام قیدیوں کو فوری رہا نہیں کرواسکتے جس کے بعد قیدیوں کے اہلخانہ ملاقات سے اٹھ کر چلے گئے، انہوں نے نتن یاہو شرم کرو کے نعرے بھی لگائے، رہا ہونے والے ان اسرائیلی شہریوں کے اہلخانہ اب بھی حماس کی قید میں ہیں، نتن یاہو نےکہا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے حماس پر دباؤ بڑھا کہ وہ ہمارے لوگوں کو رہا کرے۔ اس موقع پر ایک قیدی کے رشتہ دار نےکہا کہ یہ بکواس ہے، اس پر نیتن یاہو نےغصے میں کہا کہ جو کچھ میں کہہ رہا ہوں وہی حقیقت ہے۔ امریکی ٹی وی چینل کے مطابق رہا ہونے والے اسرائیلیوں کی نتن یاہو سے گفتگو ایک اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے جاری کی ہے۔ رہا ہونے والی ایک خاتون قیدی جس کا شوہر اب بھی حماس کی قید میں ہے، اس نےکہا کہ حماس نے انہیں جہاں رکھا ہوا تھا وہاں پر اسرائیلی طیارے بمباری کرتے تھے، اس بمباری میں کچھ اسرائیلی قیدی زخمی بھی ہوئے، اس کے علاوہ جب حماس قیدیوں کو غزہ لے جا رہی تھی تب بھی اسرائیل نے ان پر ہیلی کاپٹروں سے گولیاں برسائیں۔ خاتون نے نیتن یاہو سےکہا کہ فلسطینی قیدیوں کو ایک دو ماہ میں نہیں، فوری رہا کیا جائے۔