حج در خواستوں کی تعداد 2023کے مقابلہ میں کم، وزارت حج فکر مند

07 دسمبر ، 2023

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) گو رنمنٹ اسکیم کے تحت حج 2024 کیلئے وصول ہونے والی در خواستوں کی تعداد حج 2023 کے مقابلہ میں بہت کم ہےجس نے وزارت مذہبی امور کے عہدیداروں کو فکر مند کردیا ہے ذ رائع کے مطا بق در خواستوں کی تعداد کو بڑھانے کیلئے وزارت کی جانب سے لگائی گئی حج بدل اور پانچ سال کے اندر دو بارہ حج کی پابندی کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔یہ پابندی اٹھانے کیلئے کابینہ سے منظوری لی جا ئے گی۔حج 2024کیلئے حج در خواستوں کی وصو لی کا عمل 27نومبر سے شروع ہوا تھا۔ در خواستوں کی وصولی کی آ خری تاریخ 12دسمبر ہے جس میں چھ دن با قی رہ گئے ہیں۔ آخری تاریخ میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور ہے۔بدھ کے روز گیارہ دن تک وصول ہونے والی حج در خواستوں کی تعداد 16300ہے ان میں سے 1036سپانسر شپ اسکیم کے تحت آئی ہیں۔ اگر اس تعداد کا موازنہ حج 2023سے کیا جا ئے تو یہ تعداد کافی حد تک کم ہے۔ گزشتہ حج کیلئے در خواستوں کی وصولی کا عمل 16مارچ سے شروع ہو اتھا۔صرف آٹھ دنوں میں 23مارچ تک 26ہزار در خواستیں جمع کرائی گئی تھیں۔ در خواستوں کی وصولی کی آ خری تاریخ 31مارچ تھی۔ گورنمنٹ اسکیم کے تحت کل79ہزار922در خواستیں جمع کرائی گئیں۔ ان میں سے 72860در خواستیں ریگولر اسکیم اور 7062سپا نسر شپ اسکیم کے تحت جمع کر ائی گئیں۔ کل حج کوٹہ 89605تھا۔اس طرح دس ہزار کا کوٹہ سر نڈر کیاگیا تھا۔