غزہ میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کا جواز نہیں ، جنگ بندی کی جائے، ملالہ

07 دسمبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہےکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں دیا جاسکتا، غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے، جنگی جرائم میں ملوث ملک کا احتساب ضروری ہے، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے دنیا بھر کے عوام سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اپنے ملکوں میں حکومتوں پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کردی۔ پاکستان سے غیرقانونی افغان مہاجرین کی جبری بے دخلی ایک ظالمانہ اقدام ہے، افغانستان میں خواتین کے جو کچھ ساتھ ہورہا ہے وہ صنفی عصبیت (gender-apartheid) ہے، افغانستان میں خواتین نہ کام کرسکتی ہیں، نہ ڈاکٹرکے پاس جاسکتی ہیں اور نہ ہی تعلیم حاصل کرسکتی ہیں، افغانستان میں خواتین کو ہر چیز کیلئے اجازت کی ضرورت ہوتی ہے،افغانستان میں خواتین کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ دنیا خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے معاملہ پر ڈائیلاگ میں کوئی سمجھوتہ نہ کرے، مجھے تشویش ہے کہ دنیا کے ممالک افغان طالبان پر خواتین کے حقوق کیلئے کوئی دباؤ نہیں ڈال رہے، بزنسز بھی اپنے مختصر مدتی فائدے کیلئے افغانستان میں انسانی حقوق کو ایک طرف رکھ رہے ہیں۔