وفاق نے پنجاب سے فیض آباد دھرنا کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا

07 دسمبر ، 2023

لاہور (آصف محمود بٹ) وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت سے فیض آباد دھرنا کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے ، ٹی ایل پی کیساتھ معاہدے اور پالیسی فیصلوں سمیت متعدد دستاویزات بھی پیش کی جائیں ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے یہ احکامات فیض آباد دھرنا کیس پر بنائے گئے انکوائری کمیشن کی ہدایات پر جاری کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رپورٹس مانگ لی ہیں جنہیں جلد وزارت داخلہ کو ارسال کر دیا جائے گا۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق چئیرمین انکوائری کمیشن کی منظوری سےسیکرٹری کمیشن کی طرف سے بھجوائے گئے مراسلے میں وزارت داخلہ سے کہا گیا کہ پنجاب میں 24اکتوبر سے 27نومبر 2017تک فیض آباد دھرنا کیس کے حوالے سے لئے گئے پالیسی فیصلوں، تما م وفاقی و صوبائی انٹیلی جنس ایجنسیوں رپورٹس ، ٹی ایل پی کے احتجاج اور بعدازاں دھرنے سے نمٹنے کے لئے پالیسی اور فیصلوں اور مذکورہ عرصہ کے دوران ہونے والی میٹنگز کے منٹس فراہم کئے جائیں تاکہ انکوائری کمیشن کیس میں فیصلے کا تعین کر سکے۔ انکوائری کمیشن نے مراسلے میں حکومت سے کہا ہے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان فیض آباد دھرنا کے کیس کے حوالے سے ہونے والی خط و کتابت ، ٹی ایل پی کی طرف سے دھرنے سے قبل کی جانے والی تیاریوں ، پنجاب کے مختلف علاقوں سے ان کے مارچ کے اور فیض آباد انٹرسیکشن پر ان کے اکٹھا ہونے ، ٹی ایل پی کے ساتھ دستخط کئے جانے والے معاہدے کی کاپی ، تفصیلات اور اس وقت کے وزارت داخلہ کے افسران اور عہدوں کی تفصیل کے علاوہ وزارت داخلہ کے رولز آف بزنس بھی فراہم کئے جائیں۔