انڈونیشیا میں پھنسا، پی آئی اے کا ایک طیارہ واپس وطن پہنچ گیا

07 دسمبر ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے کے 2 میں سے ایک طیارہ واپس وطن پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے انڈونیشیا کے دارلحکومت جکارتہ میں پھنسے طیاروں کے معاملے پر دو ائیربس تھری ٹو زیرو میں سے پہلا طیارہ واپس وطن پہنچ گیا۔ائیربس طیارہ رات ساڑھے دس بجے جکارتہ سے براستہ بنکاک وطن پہنچا، پی آئی اے نے لیزنگ کمپنی کو 26 ملین ڈالرادا کرکے طیارے اپنے بیڑے کیلئے حاصل کئے۔ان طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے میں ائیربس ساختہ جہازوں کی تعداد سولہ ہو جائے گی جبکہ دوسرا طیارہ چند روز میں پی پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔یاد رہے ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں پی آئی اے کا اعلی سطح کا وفد ملائیشیا گیا تھا، جس نے لیزنگ کمپنی ایئر ایشیا کے ساتھ طیاروں کا معاملہ حل کرنے کے لیے مذاکرات کیے۔ یہ دونوں طیارے لیزنگ کمپنی سے تنازعے کے سبب ستمبر 2021 سے جکارتہ میں کھڑے تھے۔ترجمان نے بتایاتھا کہ ری ڈلیوری چارجز بچا کر ان طیاروں کو 26 ملین ڈالر کے عوض ہم نے خرید لیا ہے۔