ٹیکس میں اضافہ سے سگریٹ کی کھپت میں 20ارب کی کمی،رپورٹ

11 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)سگریٹ نوشی پر قابو پانے کے لئے کام کرنے والے محققین اور ماہرین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سفارشات کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں 146 فیصد اضافہ کر کے اہم پیشرفت کی ہے ۔ٹیکسوں میں اضافہ سے سگریٹ اسٹکس کی کھپت میں 20 ارب سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے اور 14 فیصد افراد نے تمباکو نوشی چھوڑ دی ہے۔ حال ہی میں جاری رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2023 تک صنعت کے دباؤ کی وجہ سے ٹیکس میں معمولی اضافہ کیا گیا یہ موقف اختیار کیا گیا کہ سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے سے حکومتی محصولات کم ہوئے۔ اب یہ موقف غلط ثابت ہوا ہے کیونکہ فروری 2023 میں ایف ڈی ای کی شرحوں میں نمایاں اضافے کے نتیجے میں حکومت کو تمباکو کی صنعت سے تاریخی آمدنی ہوئی ہے۔