امن و امان سے متعلق تحفظات، الیکشن کمیشن کو سیاستدانوں کیساتھ بیٹھنا ہوگا، گورنر KP

11 دسمبر ، 2023

مردان(نمائندہ جنگ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ سیکورٹی کے حوالے مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر کئی رہنماؤں کے تحفظا ت ہیں، الیکشن کمیشن کو سیاستدانوں کیساتھ بیٹھنا ہوگا، الیکشن ضرور ہوں گے،بنوں،لکی مروت،ٹانک،ڈی آئی خان اوروزیرستا ن کے لیڈرزنجی محفلوں میں گفتگو کررہے ہیں کہ انتخابات میں وہ مہم چلانہیں سکتے ملک کی سیاسی او رمعاشی صورت حال کی بہتری کیلئے انتخابات ازحد ضروری ہیں وہ مردان میں اپنے اے ڈی سی فلائٹ لیفٹیننٹ مبین خان کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔سابق صوبائی وزیراطلاعات عبدالسبحان خان،مسلم لیگ کے رہنما نعیم باورخان اوردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ بنوں،لکی مروت، ٹانک،ڈی آئی خان اور وزیرستا ن کی لیڈرشپ نجی محفلوں میں گفتگو کررہے ہیں کہ انتخابات میں وہ مہم چلانہیں سکتے۔اس تناظر میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو سیاسی قائدین کے ساتھ بیٹھنا چاہئے اورانکے تحفظات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات ضرور ہونگے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں لکھ کردیا ہے انتخابی شیڈول کے حوالے سے زیر گردش شیڈول درست نہیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی وضاحت کردی ہے گورنر حاجی غلام علی نے صوبے کی اکثر جامعات میں وائس چانسلروں کی خالی نشستوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ صوبے میں 21یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کرنی ہے وزیراعلیٰ کو خطوط لکھ چکے ہیں اس جواب آناباقی ہے۔