مہنگائی اوربدحالی‘پاکستانیوں کی بڑی تعدادباہر جانے کی خواہشمند

11 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)معاشی بدحالی اور مہنگائی کے پیشِ نظر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد، بالخصوص نوجوان آبادی اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جانے کی کوششیں کر رہی ہے‘ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023کی پہلی سہ ماہی کے دوران ساڑھے 4لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک روانہ ہو چکے ہیں۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا بیرون ملک جانے کا اندازہ پاسپورٹ دفاتر اور امیگریشن سینٹرز پر جا کر لگایا جا سکتا ہے جہاں اِن دنوں پاسپورٹ اور ویزا کے خواہشمندوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں ۔ محکمہ پاسپورٹ اور امیگریشن کے ایک سینئرعہدیدار نے بتایا کہ پہلے ہمیں پورے ملک سے ایک دن میں 25ہزار درخواستیں موصول ہوتی تھیں لیکن اب یہ تعداد یومیہ 45ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ویزا درخواستوں پر کارروائی کرنیوالی نجی کمپنی ʼگیریز کے ذرائع نے بتایا کہ ویزا درخواستوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔