اماراتی اورچینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

11 دسمبر ، 2023

دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات (یو اے ای)اور چین کی دو کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم نے پاکستان میں دو ایل این جی منصوبوں کی تعمیر کیلئے 50کروڑ ڈالر تک سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔اوگرا ذرائع نے بتایا کہ کنسورشیم میں شامل سرمایہ کاروں نے پاکستانی حکام سے ایل این جی ٹرمینلز، سپلائی اور درآمد سمیت ایل این جی کے ورچوئل اور نان ورچوئل منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق غیرملکی کمپنیوں کا کنسورشیم کیماڑی پر ورچوئل اور پورٹ قاسم پر نان ورچوئل ایل این جی منصوبہ لگانا چاہتا ہے، کنسورشیم کے پاس ورچوئل اور نان ورچوئل دونوں ایل این جی منصوبوں کیلئے لائسنس موجود ہیں، اگر یہ منصوبے لگ گئے تو 50کروڑ ڈالر تک سرمایہ کاری ممکن ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ورچوئل ایل این جی منصوبوں میں ایل این جی کی ترسیل میں پائپ لائن کی بجائے ورچوئل ٹرک استعمال ہوتے ہیں کنسورشیم پورٹ قاسم پر بھی ایل این جی منصوبہ لگانا چاہتا ہے۔