غزہ سے 142 فلسطینی خواتین کا اسرائیلی جیلوں میں قید کا انکشاف

11 دسمبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ سے 142 فلسطینی خواتین کا اسرائیلی جیلوں میں قید کا انکشاف ہوا ہے ، بچیاں اور بزرگ خواتین بھی شامل، قیدیوں کو جسمانی تشدد، پانی ، خوراک اور ادویات کی بندش کا سامنا ہے۔ قیدیوں کی سوسائٹی اور قیدیوں کے کمیشن کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں میں بچیاں اور بزرگ خواتین بھی شامل ہیں جنہیں ہاشارون اور ڈیمن سمیت مختلف جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل جیل سروس نے جنگ کے آغاز کے بعد سے فلسطینی قیدیوں کو اذیت دینے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں جن میں جسمانی تشدد بھی شامل ہے۔فلسطینی قیدیوں کے لئے پانی، خوراک، طبی نگہداشت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے درکار اشیاء تک رسائی کو محدود کر دیا ہے، قیدیوں کے خاندان کے افراد اور وکیلوں کی ملاقات کو بھی محدود یا مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔