وزیراعلیٰ کی کمیٹی کو اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ دینے سے انکار کردیا

11 دسمبر ، 2023

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں ادویات کے معاملے پر اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ دینے سے انکار کردیا‘ انکوائری کمیٹی نے رپورٹ ڈی جی ہیلتھ سندھ کو جمع کرادی‘ انکوائری کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر اکبر ڈاھری کا کہنا تھا کہ رپورٹ ڈی جی ہیلتھ کو جمع کرادی ہے‘ریکارڈ نہ دینے کے سوال پر ڈاکٹر اکبر ڈاھری کاکہنا تھاکہ یہ بات درست ہے لیکن وہ مزید کچھ نہیں بتاسکتے۔ سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں ادویات کی خریداریکے معاملے میں کرپشن کی تحقیق کیلئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے ڈی جی ہیلتھ سندھ کو انکوائری کا حکم دیا تھاجس پر ڈی جی نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیکر 3روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی جس پر ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے کسی قسم کا ریکارڈ دینے سے انکار کردیا ہے ‘انکوائری کمیٹی نے مایوسی کااظہار کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ کو بغیر تحقیق کے رپورٹ جمع کرادی ہے۔ واضح رہے کہ 29نومبر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سو ل اسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا تھا جہاں اسپتال کے بلک اسٹور میں بڑے پیمانے پر مبینہ کرپشن کا انکشاف ہونے پر نگراں وزیر اعلیٰ نے ڈی جی ہیلتھ کو ادویات کے معاملے پر تحقیقات کرنے کے احکامات دئے تھے۔