بورے والا، PTIامیدواروں کے تائید اور تجویز کنندگان گرفتار، وکلاء سے تصادم

31 دسمبر ، 2023

بورے والا ( آن لائن ) پی ٹی آئی امیدواراوں کے تائید اور تجویز کنندگان کی ریٹرننگ افسران دفاتر کے باہرگرفتاریاں، وکلاء سے تصادم،کالج روڈ میدان جنگ بنا رہا، گرفتاریوں اور وکلاء سے تصادم کے خلاف ہنگامی اجلاس کے بعدوکلاء سڑکوں پہ نکل آئے،قومی شاہراہ بلاک، پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی،وکلاء گرفتار وکلاء کی فوری رہائی کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی امیدواران عائشہ نذیر جٹ، خالد نثار ڈوگر اورچوہدری نذیر احمدجٹ کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے لئے تجویذ اور تائید کنندگان کے ہمراہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں آنے والی ٹیم چوہدری محمود اختر گھمن،سیکرٹری بار راحیلہ منور،سابق صدور بار ملک فرقان یوسف، سلمان یوسف گھمن، چوہدری مختار احمد جٹ اور دیگر وکلاء کے ساتھ بلدیہ کے باہر تعینات پولیس کا تصادم ہوگیا۔ پولیس کی طرف سے تجویز اور تائید کنندگان کو گرفتار کرنے لئے وکلاء سے دست و گریباں ہونا پڑا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع سے عائشہ نذیر جٹ اور خالد نثار ڈوگر کے تجویز و تائید کنندگان شہباز حاکم قریشی، ندیم سندھو اور طارق چوہان ایڈووکیٹ کو زبردستی گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔اس موقع پر وکلاء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پولیس نے ریاستی دہشت کردی کی انتہاء کردی ایسے حالات تو بدترین مارشل لاء دور میں بھی نہیں ہوئے تھے جو آج پیدا کردئیے گئے ہیں۔ امیدواروں کو الیکشن سے روکنے کے لئے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات جمہوریت کا قتل ہے ، گرفتار افراد کو فوری رہا نہ کیا گیا تو پیر کو ڈی ایس پی آفس کی تالہ بندی کریں گے۔