سیکورٹی فورسز کا وزیرستان میں آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 29 دسمبر 2023 کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرخفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اہم دہشت گرد کمانڈر راہزیب خارے سمیت 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آ رکے مطابق مارے جانیوالے دہشت گردسکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ،ملوث تھے ۔کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا ہے۔ بتایا گیا علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔