ایف بی آر نے32ارب روپے کے مارجن سے وصولی ہدف عبور کرلیا

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(عاطف شیرازی،مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 32 ارب روپے کے مارجن کے ساتھ اپنے وصولی کے ہدف کو عبور کر لیا ہے کیونکہ اس کی وصولی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران 4425 ارب روپے کے متوقع ہدف کے مقابلے میں 4457 ارب روپے رہی۔ موجودہ مالی سال کے رخصت ہونے والے مہینے (دسمبر 2023) میں ایف بی آر کی وصولی 974 ارب روپے کے مطلوبہ ہدف کے مقابلے میں اب تک 972 ارب روپے رہی۔ پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران ایف بی آر نے 3485 ارب روپے حاصل کیے اور دسمبر میں 972 ارب روپے کی وصولی کے بعد مجموعی طور پر عارضی وصولی 4457 ارب روپے رہی جو کہ 4425 ارب روپے کے آئی ایم ایف کے طے شدہ ہدف سے زیادہ تھی۔