تعلیم ، صحت کسانوں کو درپیش آبپاشی مسائل کا حل اولین ترجیح،ہمایوں اختر

31 دسمبر ، 2023

فیصل آباد(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)این اے 97تاندلیانوالہ میں تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور کسانوں کو درپیش آبپاشی کا مسئلہ حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ یہ بات استحکام پاکستان پارٹی کے سیئنر رہنما و نامزد امیدوار برائے این اے 97سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہی ہے ۔ وہ حلقہ کی مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے حمایت کا اعلان کرنے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ ہمایوں اختر خان سے ملاقات کرنے والوں میں امیدوار پی پی 102 سردار سکندر حیات جتوئی، ملک اشرف وٹو، ملک امین وٹو، ملک ظفر وٹو، ملک ساجد نمبردار، ملک ریاض وٹو، ملک محمد علی وٹو، اورنگزیب بھٹہ ایڈووکیٹ اور دیگر اہم سیاسی رہنما شامل تھے۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ ماموں کانجن میں ڈگری کالج اور تاندلیانوالہ میں گرلز کالج کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ٹیل کے کسان تک پانی کی رسائی یقینی بنانے کے لیے پکے کھال ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں جاری رابطہ عوام مہم کے دوران معززین علاقہ اور عام ووٹر ز کی جانب سے بھرپور حمایت پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ رہنما استحکام پاکستان پارٹی ہمایوں اختر خان کی جانب سےاین اے97کنجوانی ضلع فیصل آباد میں ورکرزکنونشن منعقدکیا گیا، جس میں کارکنوں اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ ان شاءاللہ الیکشن جیت کر حلقے کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے، 35سال سے سیاست کر رہا ہوں ،کئی بار اسمبلی کاحصہ رہا ہوں، ہم کسانوں کے لیے جامع منصوبہ بندی اور منشور لےکے آرہے ہیں۔