پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑا رہے گا‘ مشعال ملک

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک کی سربراہی میں قائم کردہ کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کا پہلا مشاورتی اجلاس ہوا۔ کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کا قیام معاون خصوصی کے شروع کردہ 100روزہ پلان کا ایک اہم جز ہے۔ اجلاس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کمیٹی نے بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات سے نمٹنے کے لئے فوری اور طویل مدتی حکمت عملیوں کے بارے میں غور کیا۔ کمیٹی کے اراکین نے بھارتی غیرقانونی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق، خاص طور پر بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں جس میں بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کی توثیق کی گئی پر اپنی آراء اور سفارشات فراہم کیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ رواں سال دنیا کو فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی شکل میں دو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور خطے کی مظلوم عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔