توہین الیکشن کمیشن ، فوادچودھری نے جیل ٹرائل اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) توہین الیکشن کمیشن کیس کے نامزد ملزم فوادچودھری نے جیل ٹرائل کو اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، جبکہ احتساب عدالت نے جہلم تعمیر منصوبہ میں خورد برد کیس میں ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 6روز کی توسیع دیدی اور اسے 5جنوری کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم صادر کیا۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل رکھ کر اختیارات کا غلط استعمال کیا جارہا ہےاوراس کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہورہے ہیں ،اس کے خلاف اوپن کورٹ ٹرائل الیکشن کمیشن میں ہی ہونا چاہئے ، درخواست میں عدالت سے جیل ٹرائل روکنے اور درخواست گزار کو ہر سماعت پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔دریں اثناء احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے للہ( پنڈدادنخان ) تا جہلم روڈکی تعمیر کے منصوبہ میں خورد برد کیس میں ملزم فوادچودھری کے جسمانی ریمانڈ میں 6روزہ توسیع دیتے ہوئے نیب کے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے اورملزم کی اس کے وکلاء سے ملاقات کرانے کی ہدایت کی ہے ، نیب کی جانب سے دس روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا گیا تو نیب پراسکیوٹر نے کہا ہم نے بینکنگ ریکارڈ منگوایا ہے جس پر خوردبرد کا شک ہوا ہے جبکہ ٹھیکدار کو بھی 2 جنوری کو طلب کررکھا ہے جبکہ ملزم فوادچوہدری سے مزید تفتیش کرنی باقی ہے،انہوں نے عدالت سے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، عدالت نے مزید6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو5جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ۔