سڈنی، صائم ایوب کے ٹیسٹ ڈیبیو اور اننگز اوپن کرنے کا امکان، امام الحق کو ڈراپ کیا جائے گا

31 دسمبر ، 2023

کراچی(نما ئندہ جنگ )توقع ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں نوجوان اوپنر صائم ایوب ٹیسٹ ڈیبیو کرینگے وہ عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز اوپن کریں گے، امام الحق نے 2 ٹیسٹ کی 4 اننگز میں ایک نصف سنچری کے ساتھ 94رنز بنائے۔ٹیم مینجمنٹ امام الحق کی بیٹنگ سے خوش نہیں ہے اور انہیں ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ حسن علی کی جگہ اسپنر ساجد خان کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔امام الحق نے سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 301گیندیں کھیلیں ہیں۔ٹیم مینجمنٹ نے بیٹس مینوں کو واضع پیغام دیا کہ مثبت اور ٹیم کے لئے بیٹنگ کریں۔میلبرن میں امام الحق نے دوسری اننگز میں اپنا پہلارن 18ویں گیند پر لیا سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کو چاہیے کہ امام الحق ڈراپ کرکے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو آسٹریلیا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ میں موقع دیں، انہوں نے کہا کہ امام اپنی فارم حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ صائم جارح مزاج کرکٹر ہیں جو مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالتے ہیں۔ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان شاہین شاہ آفریدی کے لئے ٹیم مینجمنٹ کا منصوبہ تیارکیا جارہا ہے۔بائیں ہاتھ کے تیز بولر کو سڈنی ٹیسٹ سے پہلے بولنگ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بدھ سے سڈنی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے شاہین سے نیٹ پر بولنگ نہیں کرائی جائے گی، تاکہ وہ تازہ دم رہیں۔فاسٹ بولر 2 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 99.2اوورز کر اچکےہیں ۔شاہین آفریدی کو سڈنی ٹیسٹ سے پہلے زیادہ سے زیادہ آرام کر انے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔