پریزیڈنٹ ٹرافی‘ تیمور خان ‘عبدالفصیح اور محمد سلیمان کی سنچریاں

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچوں کے تیسرے دن کی خاص بات پی ٹی وی کے تیمور خان اور محمد سلیمان کی غنی گلاس کے خلاف جبکہ کے آر ایل کے عبدالفصیح کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خلاف سنچریاں تھیں۔ عبدالفصیح نے اس میچ کی پہلی اننگز میں بھی سنچری بنائی تھی۔ غنی گلاس کے محمد رمیز نے پی ٹی وی کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں257 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ رمیز عزیز نے 80 اور عرفان خان نے 75 رنز اسکور کیے۔ اویس انور نے29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے 49 اور شاہنواز دھانی نے 73رنز دے کر دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ایس این جی پی ایل کو میچ جیتنے کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے دو وکٹوں پر 15 رنز بنائے تھے۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف فالوآن کا شکار ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 409 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔تیمور خان نے 27 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 160 رنز بنائے۔ محمد سلیمان نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ غنی گلاس کے محمد رمیز نے 146 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ غنی گلاس کو جیتنے کے لیے 219 رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 124 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ شرجیل خان 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔