اعصام الحق قریشی و عقیل خان نے رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی

31 دسمبر ، 2023

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے آٹھویں نجی ہوٹلز نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کا ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ ہفتہ کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے مینز ڈبلز کے مقابلے میں اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے برکت اللہ اور یوسف خلیل کو 0-6 اور 2-6 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ لیڈیز سنگلز کے سیمی فائنلز مقابلوں میں سارہ محبوب خان نے آمنہ علی قریشی کو 2-6 اور 2-6 جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں مہک کھوکھر نے سوہا علی کو 4-6 اور 2-6 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ بوائز انڈر 18 سنگلز فائنل میں احمد نیل قریشی نے حمزہ عاصم کو 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔