سورج مکھی کی زیادہ پیداوارکیلئے موزوں وقت پر کاشت ضروری ہے‘ترجمان

31 دسمبر ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پاکستان ہر سال300 ارب روپے کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے ۔ سورج مکھی کی کاشت کا وقت یکم جنوری تا15 فروری تک مقرر کیا گیا ہے۔ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے لئے اچھے اگاؤ والے صاف ستھرے دوغلی (ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2 کلوگرام رکھیں جبکہ بیج کے اُگاؤ کی شرح 90 فیصد ہونی چاہئے اور پودوں کی تعداد22 سے23 ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ ۔ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی بہاریہ کاشت زیادہ پیداوار دیتی ہے اس لئے کاشتکاربہاریہ کاشت کو ترجیح دیں سورج مکھی کی کاشت ترجیحاً وٹوں پر کاشت کریں، رجر کی مدد سے اڑھائی فٹ کے باہمی فاصلے پر شرقاً غرباً وٹین بنائیں۔کھیلیوں میں پہلے پانی لگائیں اور جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑا اوپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف 9 انچ کے فاصلے پر ایک ایک بیج لگائیں۔