پشاورپولیس کی حراست میں ملزم کی موت ،لواحقین کا نعش کے ہمراہ احتجاج

31 دسمبر ، 2023

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاورمیں قتل واقدام قتل کے الزام میں گرفتار ملزم جیل پولیس کی حراست میں دم توڑ گیا، لواحقین نے نعش پشاورموٹروے پر رکھ کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیاتھا۔ لواحقین کا الزام تھا کہ تیمور پرشاہ پور پولیس نے مبینہ طور پر تشدد کیاجس سے اسکی موت واقع ہوئی جبکہ کیپٹل سٹی پولیس نے موقف اپنایا ہے کہ متوفی جیل میں تھا جہاں جیل پولیس کی حراست میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق شاہ پورپولیس نے ملزم کیخلاف چالان عدالت میں جمع کراکراسے جیل منتقل کیا تھاجسے گزشتہ روز ہسپتال منتقل کیاگیا تھا۔ پولیس نے بتایاکہ اس کیخلاف تھانہ چمکنی میں بھی سیف الرحمان نے 1ستمبر2023کو مقدمہ درج کیا تھا کہ تیمورودیگر نے افتخاراحمد کو قتل کیا۔ ادھراسکے بھائی عامر نے احتجاج کے دوران میڈیا کو بتایا کہ پولیس کی مبینہ تشدد سے تیمور جاں بحق ہوا ہے جسکے پائوں پر شدید زخم ونشانات دیکھے جاسکتے ہیں۔ لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر پشاور موٹروے کو بند کردیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ متوفی کو 20 دسمبر کوشاہ پور پولیس نے حراست میں لیا تھا اوراسے پائوں پر مارا گیا۔انہوں نے بتایاکہ کسی سے اختلاف کی بناءپرانکے بھائی کو اٹھایا گیا تھاجبکہ متعلقہ تھانہ اسکی گرفتاری کی تصدیق بھی نہیں کررہا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تشدد کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں پرزخموں کی مرہم پٹی کی گئی تاہم وہ گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔