احساس راشن پروگرام کو خود لیڈ کروں گا، مستحق خاندانوں کو آٹا، کوکنگ آئل ، دالیں سستی ملیں گی، وزیر اعلیٰ بزدار

26 نومبر ، 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سوشل پرو ٹیکشن ثانیہ نشتر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور احساس راشن پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس راشن پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور اس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو آٹے، کوکنگ آئل اور دالوں پر سبسڈی ملے گی۔ پروگرام کے تحت کریانہ دکانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور انتظامی افسران کو پروگرام کامیاب بنانے کیلئے ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ پروگرام کو پنجاب میں خود لیڈ کروں گا اور اس پروگرام کی کامیابی کیلئے پنجاب حکومت ہرممکن تعاون کرے گی۔ انیہ نشتر نے کہا کہ ہر تحصیل میں ون ونڈو سینٹرز کھولنا چاہتے ہیں۔آپ نے احساس پروگرام کی کامیابی میں پہلے بھی موثر کردار ادا کیا۔ صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل بینک آف پاکستان عارف عثمانی، سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ڈیجیٹل بینکنگ محمد ہمایوں سجاد، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹریز خزانہ، صنعت و سوشل ویلفیئر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناءحکومت پنجاب نے آئندہ تین ماہ میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے عمل میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ جو منصوبے افتتاح کے لئے تیار ہیں، ان کی فہرستیں ایوان وزیر اعلی کو ارسال کی جائیں، جن منصوبوں کے آئندہ تین ماہ میں سنگ بنیا د رکھنے کے انتظامات مکمل ہیں، اس سے بھی آگاہ کیا جائے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ن لیگ کی جانب سے مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے ۔ اپوزیشن کے بیانات ملک دشمن کے بیانیے کا عکاس ہیں جس کی پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں ،اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور انکی کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ سپیشلائز ہیلتھ پنجاب کے 1 سیکشن آفیسر محمد رفیق کو عہدے سے ہٹا کرایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سیکشن آفیسر محمد رفیق پر الزام عائد ہے کہ اس نے محکمے میں بھرتیوں کے دوران امیدواروں سے مبینہ طور پر رشوت وصول کی تھی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد کے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ۔9ارب روپے کی لاگت سے حافظ آباد ،گوجرانوالہ دو رویہ کار پیٹڈ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیادریں اثناء وزیر اعلی ٰپنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ کھاد کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے-