بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور والدہ کی جنگ عوام کیلئے لڑ رہے ہیں، خورشید شاہ

06 فروری ، 2024

پنوعا قل (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اور این اے 201 کے امیدوار سید خور شید احمد شاہ نے کہا ہے کہاکہ بلاول بھٹو ذرداری آج بھی اپنے نانا قائد جمہوریت شہید ذو الفقار علی بھٹو اور اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کی جنگ صرف اور صرف عوام کے لئے لڑ رہے ہیں، ہمارے قائدین اور ہم صرف عوام کی بات کر تے ہیں اور ان کی خاطر اپنی جانیں قربان کر تے ہیں ،یہ بات انہوں نے شہید بے نظیر فلور ملز میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کہی،اس موقع پر سابق صوبائی وزیر جام اکرام اللہ خان دھاریجو بھی موجود تھے۔ انہو ں نے مزیدکہا کہ قائد جمہوریت شہیدذو الفقار علی بھٹو پاکستان کے غریبوں،مظلوموں،کسانوں کے لئے جنگ نہیں لڑتے تھے بلکہ وہ دنیا کے غریب،کسان اور مظلوموں کی جنگ لڑتے تھے ،پاکستان کا نشان تیر کانشان ہے، عوام 8 فروری کو تیر کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ،پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے، جلسے میں عوام کی شرکت دیکھ کر یہ بات واضح ہے کہ کامیابی پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی ،تیر کی ہوگی ،پنوعاقل،سکھر اور سندھ کے عوام میں سیاسی نظریہ،سوچ موجود ہے، ہم وہ لوگ ہیں جن لوگوں نے پاکستان بنایا،اس کو تعبیر دی اور پاکستان کو بچایا،ہمیں آپ کو مضبوط کر نا ہے ،سندھ کے عوام مضبوط ہیں تو پاکستان مضبوط ہے ،کیونکہ قائد اعظم نے قرراداد پاس کی تھی، سندھ اسمبلی نے قرارداد پاس کی تھی کہ ہم پاکستان کے ساتھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذو الفقار علی بھٹو نے عوام کی بات کی ، ظالموں کے آگے سر نہیں جھکا یاوہ تاریخ رقم کر گئے وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔