عام انتخابات، صورتحال اطمینان بخش، تمام انتظامات مکمل، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ

06 فروری ، 2024

سکھر (بیورو رپورٹ) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے حوالے سے صورتحال اطمینان بخش ہے، سیکورٹی، پولنگ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل ہوگئے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی ایسی خلاف ورزی یا گڑ بڑ نہیں ہوئی، کہیں سے کوئی شکایت نہیں آئی، آرمی، رینجرز، پولیس کے جوان سیکورٹی فرائض انجام دینگے۔ وہ سکھر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ کہاں اور کیونکر فائرنگ ہوئی، کس نے کروائی؟ جس نے بھی فائرنگ کروائی، فوری نوٹس لیا ہے، مقدمہ درج ہوا ہے اور کچھ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، کچے کے علاقوں میں پولیس امن و امان کی بحالی کیلئے پوری کوشش کررہی ہے، متعدد ڈاکو گرفتار بھی ہوئے ہیں۔