فافن کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کے تناسب سے متعلق رپورٹ جاری

06 فروری ، 2024

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن )نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کے تناسب سے متعلق رپورٹ جاری کردی،رپورٹ کے مطابق این اے 67حافظ آباد میں سب سے زیادہ 8لاکھ 10ہزار 723رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 244میں سب سے کم ووٹ ایک لاکھ55ہزار 824ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا سب سے بڑا حلقہ این اے 18ہری پور ہے، این اے 18ہری پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7لاکھ 24ہزار915ہے، خیبر پختونخوا میں این اے 12کوہستان میں سب سے کم ایک لاکھ 96ہزار 125ووٹرز ہیں۔اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں این اے 209سانگھڑ ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ ہے، این اے 209سانگھڑ میں 6لاکھ 7ہزار638رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ، سندھ میں این اے 244کراچی میں سب سے کم ایک لاکھ55ہزار 824ووٹرز ہیں۔بلوچستان میں این اے 255میں سب سے زیادہ 5لاکھ 32ہزار 537ووٹرز ہیں جبکہ این اے 264کوئٹہ میں سب سے کم ایک لاکھ 96ہزار 752رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں فافن رپورٹ کے مطابق 8لاکھ 10ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ حافظ آباد کا حلقہ این اے 67ملک کا سب سے بڑا جبکہ سب سے کم رجسٹرڈ ووٹرز این اے 124لاہور میں 3لاکھ 10ہزار 116ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں میں این اے 47سب سے بڑا حلقہ ہے۔